کھچی کینال زرعی انقلاب اور روزگار لائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان
کھچی کینال زرعی انقلاب اور روزگار لائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ، کراچی شاہراہ اور کھچی کینال دونوں منصوبے بلوچستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،وفاقی وزراءکے ساتھ پریس کانفرنس
کوئٹہ ، کراچی قومی شاہراہ جسے آر سی ڈی شاہراہ بھی کہا جاتا ہے ایک سنگل روڑ ہے جو ہمیشہ سے سنگین حادثات کا سبب بنتی رہی ہے ،سرفراز بگٹی
اسلام آباد( خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزراءجام کمال خان اور میر خالد خان مگسی کے ہمراہ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ ، کراچی قومی شاہراہ جسے آر سی ڈی شاہراہ بھی کہا جاتا ہے ایک سنگل روڑ ہے جو ہمیشہ سے سنگین حادثات کا سبب بنتی رہی ہے اس شاہراہ کے حوالے سے عوامی سطح پر جو تاثر عام ہے، وہ اس کا “خونی سڑک” کے نام سے پہچانا جانا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور اراکینِ پارلیمنٹ نے ہمیشہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ تا کراچی قومی شاہراہ کو دو رویہ کیا جائے یہ بلوچستان کی قدیم ترین شاہراہ ہے، اور اس کی تعمیر میں وزیراعظم پاکستان کی خصوصی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسائل کا حل جمہوری اداروں، بالخصوص پارلیمنٹ سے ہی نکلتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے میں ہر پاکستانی کی شراکت شامل ہے، اور بلوچستان کے عوام کے لیے یہ پورے ملک کے عوام کی محبت اور یکجہتی کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 24 سال قبل کھچی کینال کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تاہم اس کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ اب وزیراعظم پاکستان اور وفاقی کابینہ کی جانب سے اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے فیصلے پر وہ ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے وزیراعظم پاکستان کا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ، کراچی شاہراہ کی تعمیر کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی شاہراہ اور کھچی کینال دونوں منصوبے بلوچستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوں گے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کھچی کینال کا منصوبہ صوبے میں زرعی انقلاب کا پیش خیمہ بنے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان، وفاقی کابینہ اور ملک بھر کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔