چینی وزیر خارجہ کا برطانوی ہم منصب کے ساتھ 10ویں چین۔برطانیہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد
:چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لامی کے ساتھ 10ویں چین۔برطانیہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد کیا۔چینی میڈیا گروپ کے مطابق جمعہ کے روز فریقین نے دوطرفہ تبادلوں اور تعاون کے اگلے مرحلے کے لئے روڈ میپ پر اتفاق رائے حاصل کیا اور مختلف سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ فریقین جامع اور موثر انداز میں پیرس معاہدے کا عمل درآمد جاری رکھیں گے۔
فریقین نے یوکرین بحران اور وسطی ایشیا کی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وانگ ای نے کہا کہ حقائق نے ثابت کیا ہے کہ چین اور برطانیہ کے درمیان بات چیت اور تعاون کو مضبوط کرنا ہی صحیح انتخاب ہے جو دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے اور دنیا کے عمومی رجحان کے مطابق ہے۔ چین برطانیہ کو ایک اہم سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور بہتری کے رجحان کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے کو تیار ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے چین اور برطانیہ کو کثیرالجہتی پر عمل کرنا چاہیے، آزاد تجارت کی حمایت کرنی چاہیے، عالمی تنازعات کے سیاسی حل کو آگے بڑھانا چاہئے اور مشترکہ طور پر عالمی امن و استحکام کو فروغ دینا چاہیے۔ وانگ ای نے تائیوان اور ہانگ کانگ جیسے معاملات پر چین کے موقف کی بھی گہرائی سے وضاحت کی۔ڈیوڈ لامی نے کہا کہ گزشتہ سال کے آخر میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی کامیاب ملاقات کے بعد سے، برطانیہ اور چین نے مالیات اور دیگر شعبوں میں بات چیت اور تعاون میں مثبت پیش رفت کی ہے۔ برطانیہ چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعمیری بات چیت اور عملی تعاون کے لئے تیار ہے۔