وزیرداخلہ محسن نقوی کا جعفرایکسپریس میں یرغمال بنائے گئے تمام مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےدہشتگردوں کی جانب سے جعفرایکسپریس میں یرغمال بنائے گئے تمام مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اوردہشتگردوں کی فائرنگ سے 21 مسافروں اور 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔
اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام 33دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے کیلئے انتہائی احتیاط سے آپریشن کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔ ہر شہری افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور تمام درندوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ د ہشتگرد اس دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس ناسور کے ہمیشہ کے لئے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ دہشتگردوں کے ساتھ سہولت کاروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔