پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط پاکستان کی معاشی خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے، حنیف عباسی

0 8

:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو ڈوزیئر جمع کرانا پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی ایک اورمذموم کوشش ہے، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط ایک سیاسی چال نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو ڈوزیئر جمع کرانے کا وقت کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ اس نازک مرحلے پر معیشت کو غیر مستحکم کیا جائے۔ بدھ کو جاری بیان میں حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی یہ کوشش اس کے مسلسل ریاست مخالف رویے کا اظہار ہے،جب بھی پاکستان معاشی بحالی کے دھانے پر ہوتا ہے

پی ٹی آئی غیر ملکی مداخلت اور سازشوں کے ذریعے ملکی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتی ہے، معاشی استحکام پاکستان کا قومی مقصد ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے اس نازک مرحلے پر اسے متاثر کرنے کی کوشش غیر محب وطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، کوئی بھی محب وطن سیاسی جماعت بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اپنے ہی ملک کے خلاف لابنگ نہیں کرتی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط ایک سیاسی چال نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے، پی ٹی آئی کے رہنما پہلے بھی آئی ایم ایف ڈیل کو نقصان پہنچانے کے لئے غیر ملکی قوتوں سے مدد طلب کرتے رہے ہیں،آئی ایم ایف ہیڈ کوارٹرز کے باہر احتجاج سے لے کر سابق وزرائے خزانہ کی لیک شدہ گفتگو تک پی ٹی آئی کا پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کا ریکارڈ واضح ہے

جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو معیشت کو بری طرح چلایا اور اب اپوزیشن میں رہ کر ملک میں معاشی بحران پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اور قانونی ذرائع کے بجائے غیر ملکی مداخلت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مفادات قومی مفادات سے متصادم ہیں، پاکستان اس وقت اسٹریٹجک شراکت داری، تجارتی معاہدوں اور پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ پی ٹی آئی اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔حنیف عباسی نے کہاکہ کوئی ذمہ دار سیاسی جماعت معاشی چیلنجز کو سیاسی فائدے کے لئے ہتھیار نہیں بناتی مگر پی ٹی آئی قومی بحرانوں سے ہی اپنی سیاست چمکاتی ہے

پی ٹی آئی کے اقدامات کسی سیاسی مخالف کو نہیں بلکہ پاکستان کے عوام، معیشت اور مستقبل کو نشانہ بناتے ہیں، قوم کو پی ٹی آئی کے بار بار دہرانے والے طرز عمل کو پہچاننا ہوگا، جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر آتا ہے، پی ٹی آئی ایک تخریبی عنصر کے طور پر سامنے آتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.