گورنر خیبرپختونخوا سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات

18

پشاور،  ستمبر

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر نے امریکی قونصل جنرل کو خیبرپختونخوا میں تعیناتی پر مبارکباد دی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ عوامی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے امریکی قونصل جنرل کو صوبے کے قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امریکہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی شراکت داری کے منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خصوصاً ضم اضلاع کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں تعاون بڑھائے۔ انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کی کھیل اور دیگر شعبوں میں صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ ترقیاتی شراکت دار دوست ممالک کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے لانا چاہتے ہیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو کاشت کے قابل بنا کر زرعی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے مہمان نوازی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکتی منصوبوں کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments are closed.