قومی پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے، وزارت صحت

0 6

:وزارت صحت نے کہا ہے کہ قومی پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔وزارت صحت کے حکام کے مطابق یہ سال 2025 ءکی پہلی قومی پولیو ویکسینیشن مہم تھی جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس قومی پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران چار لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز نے گھر گھر جا کر اپنی خدمات سرانجام دیں۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے والدین سے درخواست کی کہ وہ پولیو ورکرز کو مکمل تعاون فراہم کریں اور ہر حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا والدین کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین قومی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے وزیر اعظم پاکستان کی ذاتی دلچسپی پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خلاف یہ جنگ پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پولیو پروگرام اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں معمول کے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کو بہتر بنانے کے لئے موثر اور مربوط اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد بچوں کو پولیو اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.