وزیر اعلیٰ بلوچستان کا میر غلام قادر بگٹی اسپتال کا دورہ، عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر زور

16

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
بیکڑ، 8 ستمبر:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انڈس اسپتال کے تعاون سے بیکڑ میں فعال میر غلام قادر بگٹی اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات، وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں انتظامیہ سے معلومات حاصل کیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں بکھری ہوئی آبادی تک صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانا بڑا چیلنج ہے، مگر حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے اسپیشلائزڈ ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے اور عوام کو بیرونِ صوبہ علاج کے اخراجات سے نجات ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحت عامہ کے نظام میں جدید اصلاحات لا رہی ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معیار بہتر بنایا جا رہا ہے، جس میں انڈس اسپتال کی معاونت قابل ستائش ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ دور دراز علاقوں میں بھی کوئی شہری علاج سے محروم نہیں رہے گا۔

انڈس اسپتال کی شمولیت سے میر غلام قادر بگٹی اسپتال میں جدید طبی سہولیات میسر آئیں، جو حکومت کے وژن کا عملی مظہر ہیں۔

Comments are closed.