قائد اعظم ٹرافی: بابر اعظم آؤٹ ہونے پر آپے سے باہر ہوگئے، ویڈیو وائرل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی مایوس کن انداز میں ہوئی، جہاں آؤٹ ہونے کے بعد ان کے غصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ 2026-27 کے ایک میچ میں بابر اعظم اپنی وکٹ گنوانے کے بعد شدید مایوسی کا شکار دکھائی دیے۔
پہلی اننگز میں متنازع آؤٹ قرار دیے جانے والے بابر اعظم دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جلد آؤٹ ہونے پر بابر اعظم اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور غصے میں اپنا بیٹ پچ پر دے مارا جس کی ویڈیو نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
حالیہ ناقص کارکردگی کے باعث تنقید کا سامنا کرنے والے بابر اعظم کے اس رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
بعض مداحوں نے ان کی مایوسی کو کھیل کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جبکہ کئی شائقین نے ایک سینئر کھلاڑی کے اس طرزِ عمل پر تنقید کی ہے۔
