قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس، قطر اور آذربائیجان کے ساتھ گیس خریداری کے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

0 4

:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کا اجلاس رکن قومی اسمبلی سید مصطفی محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا ،جس میں قطر اور آذربائیجان کے ساتھ گیس خریداری کے معاہدوں، مقامی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو درپیش چیلنجز اور قدرتی گیس کی تلاش میں نجی کمپنیوں کی شمولیت کے لیے حکومت کے نئے پالیسی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری وزارت پٹرولیم نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے نجی اداروں کو پاکستان میں مستقبل میں گیس کی 35 فیصد دریافتوں کو برقرار رکھنے اور مارکیٹ کرنے کی اجازت دینے کی شق پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری پٹرولیم نے سپلائی شارٹ فال سے نمٹنے کے لئے دوطرفہ حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس میں نئی دریافتوں اور دانشمندانہ نیٹ ورک آپریشنز کے لئے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا شامل ہے جس سے ذخائر کو بہتر بنانے ، مسابقت کو فروغ دینے اور گردشی قرضوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

کمیٹی نے متفقہ طور پر سید نوید قمر کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا جو استعداد کار بڑھانے کے لئے سی ایس آر، پروڈکشن بونس اور تربیتی فنڈز کے موثر استعمال کے لئے نئی ہدایات کا مسودہ تیار کرے گی۔ ایندھن کے معیار کے بارے میں وزارت نے کہا کہ ریفائنریوں کو پہلے بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ماحول اور صحت پر اضافی اجزاء کے اثرات کی تحقیقات کریں،حکومت نے ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے برائون فیلڈ ریفائننگ پالیسی 2023 قائم کی ہے۔

کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں نئی بائیو فیول پالیسی پر جامع بریفنگ دینے کی سفارش کی۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سید نوید قمر، انوار الحق چوہدری، صلاح الدین جونیجو، محمد معین عامر پیرزادہ، اسد عالم نیازی، جمال شاہ کاکڑ، سردار غلام عباس، گل اصغر خان، محمد نواز خان، مجاہد علی، میاں خان بگٹی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک ، سیکرٹری پٹرولیم اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.