ہماری بہادر مسلح افوا ج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کا 6ستمبریوم دفاع وشہداکے موقع پر پیغام

14

اسلام آباد6ستمبر :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 6 ستمبرکوقومی تاریخ میں بہادری ، اتحاد اورعزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 60 سال قبل ہماری بہادر مسلح افوا ج نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنا کرثابت کیا کہ وہ ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،معرکہ حق میں ایک بار پھر ہماری مسلح افواج اورعوام نے جارحیت کے خلاف اہنی دیوار بن کردشمن کے تکبرکو کچلتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اج 6ستمبرکو یوم دفاع و شہداءکے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کے دن کے طور پر نقش ہے۔ ساٹھ سال قبل ہماری بہادر مسلح افواج نے عوام کے بھرپور تعاون سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے ثابت کیا کہ پاکستان ایک بہادر قوم ہے جو اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کا وہ ناقابل تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے حالیہ معرکہ حق میں ایک بار پھر ہماری مسلح افواج اور عوام بیرونی جارحیت کے خلاف آہنی دیوار کی طرح ایک ساتھ کھڑے رہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بحریہ اور فضائیہ سمیت ہماری مسلح افواج نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی مہارتوں اورچیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تزویراتی وڑن کے ذریعے دشمن کے تکبر کو اپنی پرعزم قوت سے کچلتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی،آج کے دن ہم اپنے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی جرت آئندہ نسلوں کیلئے ایک مثال ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور تعمیری روابط کی پالیسی پر کاربند ہے لیکن ہم مسلسل بھارتی اشتعال انگیزیوں اور بدلتے ہوئے علاقائی تناظر کی حقیقت سے غافل نہیں رہ سکتے،ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط اور جدید بنانے کے ساتھ ساتھ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور اپنی سرحدوں میں سرگرم غیر ملکی پراکسیوں کے دہرے خطرے کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی استقامت اور قربانیوں سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے عفریت کو ختم کرنے میں بے پناہ پیش رفت کی ہے، اس مشن کی تکمیل تک قوم ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔آج کے دن، ہم ہندوستان کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کو برداشت کیا ،ان کی جدوجہد آزادی کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطین میں جاری مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، شہریوں کے تحفظ اور غزہ کے لوگوں کو ضروری انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی دفاع معاشی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام کرنے سے ہی ہم پائیدار خوشحالی اور خود انحصاری حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم دفاع و شہدا پر قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے لازوال اصولوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک محفوظ، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر محنت کرنے کے جذبے کی تجدید کرنا ہوگی

Comments are closed.