وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کیلئے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل
لاہور04 – دسمبر:……وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر سے بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 15 رکنی سٹیرنگ کمیٹی کی چیئرپرسن سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ہوں گی۔ سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا سٹیرنگ کمیٹی کے شریک چیئرمین ہوں گے۔ سکول ایجوکیشن، سرمایہ کاری و کامرس، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر و بیت المال اور ہنرمندی و چھوٹے کاروبار کی ترقی کے صوبائی وزراء بھی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ داخلہ، محنت و افرادی قوت، سکول ایجوکیشن، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر، سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور کی وزارتوں کے صوبائی سیکریٹری، چیئرمین پی ٹی آئی بی اور ڈی آئی جی پولیس بھی کمیٹی کے ارکین میں شامل ہیں۔ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی تمام شعبوں کی میپنگ اور جبری مشقت لینے والے شعبوں کا تعین کرے گی۔ صنعتوں، بھٹوں، زراعت، ماہی گیری، ورکشاپس اور آٹو ریپئرکے شعبوں کا خاص طور پر ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ اے آئی اور ”جی-آئی-ایس“ سے منسلک صوبائی سطح پر مرکزی ڈیٹا بینک بنایا جائے گا۔ کمیٹی بچوں سے جبری مشقت کے حوالے سے نمایاں اضلاع، شعبوں اور علاقوں کا بھی تعین کرے گی۔ کمیٹی جبری مشقت کے شکار بچوں کے لیے متبادل طریقے بھی وضع کرے گی۔ کمیٹی فوری، وسط اور طویل المدتی بنیادوں پر بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کی حکمت عملی تیار کرے گی۔ کمیٹی اپنی تجاویز کے ساتھ ان پر عملدرآمد کی حکمت عملی بھی تیار کرے گی۔ والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس معاملے میں آگاہ کرنے کی حکمت عملی اور اداروں کی اس ضمن میں کارکردگی جانچنے کے معیار کی تیاری بھی کمیٹی کے فرائض میں شامل ہے۔ صوبہ پنجاب بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اس نوعیت کے جامع اقدامات کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔ بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے اقدامات کے نتیجے میں صوبہ پنجاب کی عالمی سطح پر رینکنگ بھی بہتر ہوگی۔
Comments are closed.