کوئٹہ شہر اور اسکے مضافاتی علاقوں کو فوری طور پر گیس کی بلاتعطل فراہمی کی خصوصی ہدایت کی ہے،گورنر بلوچستان
گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کوئٹہ شہر اور اسکے مضافاتی علاقوں کو فوری طور پر سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ رمضان المبارک میں گیس پریشر کی کمی کے باعث عوام افطار اور سحری کے وقت سخت مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہائوس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے جی ایم راحیل ملک سے بات چیت کرتے کیا۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ گیس پریشر کی کمی اور بجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوامی شکایات کو سن کر غیر اطمینان بخش صورتحال واضح ہو جاتی ہے۔گورنر بلوچستان نے تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ دار افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی جانب گیس، بجلی، پانی اور صفائی و ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں. اس حوالے سے کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی. اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم نے یقین دلایا کہ عوامی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔