ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا
جعفرآباد۔۔۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں خدمات سرانجام دینے والی پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ٹیموں سے ملاقات کی اور انسداد پولیو مہم کے تمام امور پر ان سے معلومات حاصل کیں۔ جائزے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے اور فنگر مارکنگ، ڈور مارکنگ سمیت مہم کی دیگر تکنیکی جزئیات کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں اور ٹیموں کی مربوط کوششیں ناگزیر ہیں اور ضلع انتظامیہ اس قومی فریضے کی انجام دہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔بعد ازاں شام کے وقت ان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد پولیو مہم کا ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام پولیو ورکرز، ایریا انچارجز اور یو سی ایم اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہر یونین کونسل سے کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں اور مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل، چیلنجز اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے تمام ٹیموں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی ذمہ داری ہے جس میں تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مائیکرو پلاننگ مزید بہتر بنائی جائے اور فیلڈ میں موجود ٹیموں کی بھرپور معاونت کی جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے تمام یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز کو تاکید کی کہ وہ مہم کی مکمل نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کرکے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ارسال کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جعفرآباد کو پولیو فری ضلع بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس مقصد کے حصول تک کوششیں جاری رہیں گی۔
Comments are closed.