صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کا دورہ کیا

12

جعفرآباد۔۔۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے ہمراہ ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کا دورہ کیا اور وہاں جاری نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن ڈرینیج سسٹم گل حسن کھوسہ نے انہیں سسٹم کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور ممکنہ بہتری کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے کہا کہ حکومت بلوچستان ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن پیشگی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں عوام کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایریگیشن ڈرینیج سسٹم کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ بارش یا سیلاب کی صورت میں پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کے امکانات ہمیشہ موجود رہتے ہیں تاہم حکومت کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ عبدالمجید بادینی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ندی نالوں اور ڈرینیج چینلز کی بروقت صفائی، مرمت اور مضبوطی کے کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تمام محکمے باہمی رابطے اور اشتراک سے اپنے فرائض انجام دیں۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے ایریگیشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اگر تمام ادارے مربوط حکمت عملی سے کام کریں تو کسی بھی آفت کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

Comments are closed.