کوئٹہ: سریاب روڈ دھماکے میں 13 بی این پی کارکن شہید، متعدد زخمی

14

کوئٹہ: سریاب روڈ کے قریب پارکنگ ایریا میں بی این پی مینگل کے جلسے کے اختتام پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 13 کارکن شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں سابق ایم پی اے احمد نواز بلوچ اور پارٹی کے مرکزی رہنما موسی بلوچ بھی زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کا اصل ہدف اختر مینگل نہیں تھے بلکہ عام عوام تھے، اور دھماکے سے تقریباً آدھے گھنٹے قبل اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی اپنے مقام سے روانہ ہو چکے تھے۔ دھماکے میں زیادہ تر غریب لوگ مارے گئے۔

بی این پی کے نائب صدر ساجد ترین نے سول ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک المناک واقعہ ہے اور انہیں پہلے سے اس قسم کے ناخوشگوار حادثے کا خدشہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے اور سیکیورٹی انتظامات کے لیے پہلے سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تھا، تاہم دہشتگردوں نے پارکنگ ایریا میں دھماکہ کر کے کارکنوں کو نشانہ بنایا۔

ساجد ترین نے مزید کہا کہ زخمی کارکنوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور عوام دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں اور اس قسم کے حملے پارٹی کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

دھماکے میں نیشنل پارٹی کے میر کبیر احمد محمد شہی کے ایک گاڑی مکمل تباہ ہوئی ، خوش قسمتی سے گارڈز محفوظ رہے جبکہ دوسری گاڑی بلٹ پروف گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جس میں میر کبیر محفوط رہے تاہم ایک گن مین زخمی ہے۔ پولیس نے بتایا ہےکہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈاکٹروں پیرامیڈیکس اور دیگر عملے کو طلب کر لیا گیا

کوئٹہ: دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق ایم پی اے احمد نواز بلوچ سمیت 30 کارکن زخمی ہوئے اور انہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض کارکن جاں بحق بھی ہو گئے ہیں۔

ٹراما سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ میں اب تک پانچ لاشیں اور پندرہ زخمی منتقل کیے جا چکے ہیں، جہاں زخمیوں کے لیے طبی امداد جاری ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان نے اعلان کیا کہ سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں مریضوں کے لیے بلڈ کی اشد ضرورت ہے، اور انسانی ہمدردی کے پیش نظر کوئٹہ میں موجود ڈونرز فوری طور پر بلڈ عطیہ کرنے کے لیے ہسپتال پہنچیں۔

Comments are closed.