خیبرپختونخوا میں رمضان پلان کے تحت فوڈ سیفٹی کارروائیاں جاری

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 1 مارچ 2026: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں رمضان پلان کے تحت ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کے خلاف چھٹی کے روز بھی کارروائیاں جاری رکھیں۔ کارروائیوں کے دوران 200 لیٹر جعلی مشروبات تلف، 300 لیٹر ملاوٹی دودھ ضبط، سینکڑوں لیٹر مضر صحت کوکنگ آئل ضائع کیا گیا، ایک ہوٹل سیل اور متعدد دکانوں کو جرمانے اور نوٹس جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پشاور میں جمیل چوک، تارو جبہ اور ملحقہ علاقوں میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کباب شاپس اور افطاری پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے غیر معیاری تیل، دودھ اور مصالحہ جات کی جانچ کی گئی۔ ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر متعدد کاروباری مراکز کو جرمانے اور نوٹسز جاری کیے گئے۔
اسی طرح، ایبٹ آباد، چارسدہ، مالاکنڈ، لوئر دیر اور صوابی میں مختلف مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور فوڈ بزنس یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری اشیاء، مردار مرغی اور ممنوعہ رنگ کے استعمال کا پتہ چلایا گیا اور مضر صحت اشیاء موقع پر تلف کی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل کاشف اقبال جیلانی نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ صوبہ بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور شہریوں کی صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Comments are closed.