فیڈرل لیویز کے حقوق کا تحفظ آئینی ذمہ داری ہے، عبدالرحیم زیارتوال
کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی وفد نے فیڈرل لیویز کے ہڑتالی کیمپ کا دورہ کر کے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد میں کبیر افغان، صورت خان کاکڑ، نصیب اللہ نیازی اور عبداللہ خان شامل تھے۔
اس موقع پر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ فیڈرل لیویز کو صوبائی لیویز میں ضم کرنے کے بعد ان کی پنشن، گریجویٹی اور مراعات کا تحفظ صوبائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز برطانوی دور سے وفاق کی نمائندہ فورس رہی ہے، جن سے وہی فرائض لیے جا رہے ہیں مگر قانونی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیویز ایکٹ کے تحت تمام مراعات فوری طور پر بحال کی جائیں اور واضح نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پارٹی احتجاج میں فیڈرل لیویز کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔



