سبی میں گرینڈ جرگہ، بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام پر اہم فیصلے – کور کمانڈر 12 کور کا نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع پر زور
سبی: (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ)
سبی میں ایک شاندار گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، آئی جی پولیس بلوچستان، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سبی ڈویژن کے قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جرگے کا مقصد صوبے کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا، قیام امن کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانا، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اپنے علاقوں کے مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں
پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور قبائلی قیادت ایک دوسرے کے ساتھ مل کر صوبے کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی جرگہ سسٹم اور روایات امن و ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام کے تعاون سے نہ صرف امن قائم رکھنے کے لیے پُرعزم ہے بلکہ ترقیاتی عمل کو تیز تر کرنے کے لیے بھی ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔
کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نہ صرف دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرنے، تعلیمی اور معاشی ترقی کی راہیں ہموار کرنے میں بھی بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔ کور کمانڈر نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوان ہی صوبے کے مستقبل کے معمار ہیں، لہٰذا ان کی توانائیوں کو مثبت سمت میں لگانا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر کوئٹہ-ڈھاڈر (N-65) ہائی وے کی توسیع اور بہتری کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا گیا، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی کو بہتر بنائے گا بلکہ تجارتی سرگرمیوں اور سماجی ترقی کے فروغ میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔
جرگے کے اختتام پر تمام شرکاء نے اتفاق کیا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی صرف اسی وقت ممکن ہے جب حکومت، سیکیورٹی ادارے اور قبائلی عمائدین ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھیں۔ قبائلی عمائدین نے بھی عزم ظاہر کیا کہ وہ تنازعات کے پرامن حل، سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Comments are closed.