گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کی تمام سائنس لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور کورین نیوٹریشن پروجیکٹ کی جانب سے فراہم کردہ وین یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کی

18

 -عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 10 ستمبر .
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی صوبے کی واحد ادارہ ہے جو خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے وقف ہے۔ گزشتہ ایک سال میں جامعہ نے دیرینہ رکاوٹوں پر قابو پا کر قابل ذکر پیش رفت کی ہے اور کئی برس کے بحران کے بعد پہلی مرتبہ طلبہ کے اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

گورنر مندوخیل نے بدھ کے روز یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر 200 طالبات کے لیے تعمیر کردہ نئے گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری کلیم اللہ بابر، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور پرو وائس چانسلر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات اور والدین کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے سیکورٹی اقدامات مزید بہتر بنائے جا رہے ہیں۔ ’’اب یونیورسٹی کا ماحول اس قدر بہتر ہو چکا ہے کہ ہم اپنی بچیوں کو بھی یہاں پڑھنے کے لیے بھیج سکتے ہیں‘‘، گورنر نے کہا۔

گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ سائنس لیبارٹریز کو ضروری آلات اور کیمیکلز فراہم کیے جائیں گے تاکہ طالبات تحقیقی سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے یونیورسٹی میں سیلف فنانس اسکیم کے آغاز کو سراہا اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ مستحق طالبات کی معاونت میں اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ دستیاب وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

قبل ازیں، گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کی تمام سائنس لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور کورین نیوٹریشن پروجیکٹ کی جانب سے فراہم کردہ وین یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کی۔

Comments are closed.