خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پشاور میں بڑی کارروائی، ہزاروں کلو گرام زائدالمیعاد اشیاء برآمد
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے پشاور رنگ روڈ کے قریب جاوید ٹاؤن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 2000 سے زائد زائدالمیعاد کنور نوڈلز کے کارٹن، 3000 کلوگرام سے زیادہ ایکسپائرڈ کینڈیز، چپس، پاپڑ، بسکٹس
اور جوسز برآمد کیے گئے۔
ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گودام سے مضر صحت رنگ، فینائل، مورٹین اور ڈٹرجنٹس بھی برآمد ہوئے جنہیں سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے چھاپے کے دوران مالکان کو مشینری کے ذریعے ایکسپائرڈ مصنوعات پر جعلی تاریخیں لگا کر رنگے ہاتھوں پکڑا جسے دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ یہ اشیاء افغانستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کو بھجوائی جانی تھیں۔
کاروائی کیدوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام مشینری اور زائدالمیعاد مال ضبط کر لیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور انکا خیبرپختونخوا سے صفایا ہر یقینی بنائیں گے
Comments are closed.