خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، ملاوٹ اور جعلی خوراک تیار کرنے والے یونٹس بے نقاب
پشاور، 10 ستمبر( آ عسکر انٹرنیشنل رپورٹ ): خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان، سوات اور پشاور میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ شدہ، مضر صحت اور جعلی خوراک تیار کرنے والے مختلف یونٹس کا پردہ چاک کردیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردان کے علاقے کاٹلنگ میں گھر کے اندر ملاوٹ شدہ گڑ تیار کرنے والی گھانی پکڑی گئی، جہاں سے ایک ہزار کلو ملاوٹ شدہ گڑ، پانچ سو کلو ناقص گڑ اور سو کلو چینی برآمد کی گئی۔ گھانی میں انتہائی ناقص صفائی کے حالات میں تیار گڑ مارکیٹ میں سپلائی کیا جارہا تھا۔ اس کے علاوہ، بازار میں انسپکشن کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات پر ایک بیکری یونٹ کو بھی سیل کر دیا گیا۔
سوات میں خفیہ اطلاع پر منگورہ کے علاقے میں ملٹی نیشنل برانڈ کے جعلی پراڈکٹس تیار کرنے والی یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران چھ سو کلوگرام جعلی مصالحہ جات، دو سو دس کلوگرام گلوکوز، آٹھ سو کلوگرام پیکنگ ریلز، سو کلوگرام کھیر، چالیس کارٹن پیکنگ میٹریل اور دو پیکنگ مشینیں برآمد کر کے سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ یونٹ کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اسے گرفتار بھی کر لیا گیا۔
ادھر پشاور کے ٹاؤن-4 میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 153 کلوگرام ایکسپائرڈ گھی برآمد کیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ان کامیاب کارروائیوں پر فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
Comments are closed.