تہرے قتل نے اسلام آباد کی مسیحی برادری کو ہلا دیا
اسلام آباد، 10 ستمبر (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ ): وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی-9 میں ایک لرزہ خیز تہرے قتل نے مسیحی برادری سمیت پورے شہر کو صدمے اور خوف میں مبتلا کر دیا۔ اس افسوسناک واقعے میں ایک مسیحی باپ، اس کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔
مقتولین کی شناخت اکرام پال، ان کے بیٹے شبیر اور بیٹی نیہا کے ناموں سے ہوئی ہے، جو رمشہ کالونی کے رہائشی تھے۔ یہ ہولناک واردات آئی-9 پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آئی۔
واقعے کی وجوہات فی الحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فورنزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس سانحے نے علاقے کے رہائشیوں کو شدید رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی آبادی نے انصاف کی فراہمی اور بہتر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور عوام کو ہر پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔
Comments are closed.