الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری

14

راولپنڈی (عسکررپورٹ): الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی پنجاب سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے یوم دفاع کی تقریب میں خطاب اور متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 56 اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے 30,996 رضاکار مصیبت میں گھرے خاندانوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں۔ اب تک 1,131 ریسکیو آپریشنز میں 18,780 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس دوران 36 کشتیوں اور 126 مشینری یونٹس کا استعمال کیا گیا۔

سید وقاص جعفری نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں 20 الخدمت موبائل کچن قائم کیے گئے ہیں جبکہ دیگر ذرائع سے بھی کھانا تیار کیا جا رہا ہے۔ اب تک 233,516 کھانے کے باکس اور 17,421 فوڈ پیکجز متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے سیلاب سے متاثرہ بے گھر خاندانوں کے لیے 12 خیمہ بستیاں قائم کی ہیں، جن میں 3,406 افراد کو تین وقت کھانا، بستر، شیر خوار بچوں کے لیے دودھ، طلبہ کے لیے خیمہ سکول، موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیگر ذرائع سے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ خیمہ بستیوں کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو 2,941 ٹینٹ، 6,827 ترپال شیٹس، 8,824 مچھر دانی، 2,036 ونٹر پیکجز، 963 کچن سیٹ، 758 کمبل، 737 فولڈنگ بیڈز اور 285 کپڑوں کے سیٹ بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔

سید وقاص جعفری نے بتایا کہ صاف پانی کی کمی کے پیش نظر الخدمت نے 6 موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے ہیں، جن کے ذریعے لاکھوں متاثرین تک صاف پانی پہنچایا جا رہا ہے۔ مزید برآں 203,365 پانی کی بوتلیں، 1,403 ہائی جین کٹس، 258 ویمن ہائی جین کٹس، 2,384 جیری کین، 685 واٹر کولرز، 4 موبائل واش روم اور 652 واٹر ٹینکس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

صحت کے شعبے میں 20 موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے 23,696 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ 86 ایمبولینسز اور 396 میڈیکل کیمپس کے ذریعے 79,486 متاثرین مستفید ہوئے ہیں۔ 42 مقامات پر جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا گیا جبکہ 2 ٹینٹ مساجد بھی قائم کی گئی ہیں۔

یوم دفاع کی تقریب میں بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ سید وقاص جعفری نے بچوں کو جلد نارمل زندگی کی طرف واپس لوٹنے کی امید دلائی اور ان کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے وقت گزارا۔ انہوں نے الخدمت کی خیمہ بستی میں تعلیم سمیت بہترین انتظامات اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

Comments are closed.