سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور عوامی فنڈز کی بندش پر بی این پی (عوامی) کی شدید مذمت
نصیرآباد، 7 ستمبر 2025:
بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے ضلعی صدر سید گل شاہ نے ڈیرہ مراد جمالی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واجہ میر اسد اللہ خان بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارنا غیر جمہوری رویہ اور ذاتی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاردیواری کو پامال کیا گیا اور متاثرہ رہنما کو ذہنی اذیت دی گئی۔
سید گل شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں جمہوریت کے نام پر اکثر اوقات غیر جمہوری اقدامات کیے گئے، جس سے عوامی اعتماد مجروح ہوا اور معاشرے میں بے یقینی پیدا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کمزور کی گئی اور میڈیا پر قدغن لگا کر عوامی آواز دبانے کی کوشش کی گئی۔
پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ جنرل سیکریٹری ذاکر علی رند، جاوید علی رند، نادر چشتی، عبدالشکور بھرگڑی، محمد اسحاق ابڑو، محمد اسلم، عبدالسلام کاسی، عبدالمالک بگٹی، محمد شریف لیہی اور دیگر رہنما موجود تھے جنہوں نے سید گل شاہ کے موقف کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی (عوامی) کے مرکزی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی واجہ میر اسد اللہ بلوچ کے ساتھ روا رکھا گیا عمل جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ دو سال سے ان کے حلقے کے فنڈز روک دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ضلع کے عوام بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، بے بنیاد ایف آئی آرز ختم کیے جائیں، اور عوامی فنڈز بحال کیے جائیں تاکہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملے۔
Comments are closed.