گلگت بلتستان: وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور حفاظتی اقدامات کو ترجیح دی
گلگت بلتستان، 7 ستمبر 2025:
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہلدی اور کندوس کے دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ عوام اور عمائدین سے ملاقات کی اور کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور بنیادی سہولیات کی بحالی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار حکمت عملی کے تحت فوری امداد کے ساتھ مستقل انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات کر رہی ہے۔ ہلدی کے لیے حفاظتی بند کی تعمیر اور دیگر حفاظتی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں عوام قدرتی آفات سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت خاموش نہیں بیٹھے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
کندوس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں 45 گھر متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ گھروں کے لیے معاوضوں کی پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرین کی مکمل بحالی، حفاظتی بند کی تعمیر، اور گھروں کی دوبارہ تعمیر کے تمام اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، تمام سرکاری انفراسٹرکچر بھی ازسر نو تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بحالی کے لیے بلاک الوکیشن سے 5 کروڑ روپے کے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام بہتر انداز میں جاری ہیں، جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ موثر ہیں۔
حاجی گلبر خان نے عوام سے وعدہ کیا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ ہے اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ خاندانوں کی ضروریات کا فوری جائزہ لے کر ریلیف اور بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو عملی طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔
Comments are closed.