استا محمد میں یوم تحفظ ختم نبوت کی عظیم الشان ریلی

22

استا محمد، رپورٹ: عبداللہ مگسی – ملک بھر کی طرح ہر سال 7 ستمبر کو جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام یوم تحفظ ختم نبوت منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے ضلع استا محمد میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا عبدالمجید جتک نے کی۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی یو بی ایل چوک پہنچی، جہاں اسے ایک بڑے جلسے کی شکل دی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ختم نبوت کے حق میں نعرے درج تھے، اور فضا “لبیک یا رسول اللہﷺ” اور “ختم نبوت زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالمجید جتک، مولانا صدام حسین مینگل اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ 7 ستمبر 1974 کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے تاریخی قرارداد منظور کر کے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا۔ یہ قرارداد قائد جمعیت علماء پاکستان، حضرت علامہ شاہ احمد نورانیؒ کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جس نے اسلامیانِ پاکستان کے دیرینہ مطالبے کو آئینی تحفظ فراہم کیا۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کا بنیادی ستون ہے، جس پر کسی صورت سودے بازی یا مصلحت قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کی ہر قسم کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور آئین پاکستان کی روشنی میں سخت اقدامات کیے جائیں۔

Comments are closed.