وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خپلو کا دورہ کیا.

19

(عسکر انٹرنیشنل رپورٹ)
خپلو، 7 ستمبر 2025: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خپلو کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کا عمل یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے قندوس سیلاب متاثرین کے لیے ضروری ادویات صوبائی سیکریٹری صحت اور متعلقہ افسران کے حوالے کیں اور کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی گھڑی میں متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری صحت کی سہولیات پہنچانا اور عوام کو بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔

Comments are closed.