حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلع نصیرآباد میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں پر کڑی نگرانی، گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی

19

نصیرآباد۔۔۔۔۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایت کی روشنی میں ضلع نصیر آباد بھر میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہو گئی ہے۔ضلع کی تمام تحصیلوں اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے بازاروں میں تحصیلداروں کی زیر نگرانی خصوصی ٹیموں نے سبزیاں، گوشت، پھل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ان دوروں کے دوران سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے دکانداروں کو ہدایات جاری کی گئیں جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی میں ملوث متعدد دکانداروں اور تاجروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں،قیمتوں کی صورتحال کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سبزی، گوشت، پھل سمیت کسی بھی اشیاء کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مہنگائی سے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Comments are closed.