خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ 450 بستروں پر مشتمل انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ نوابشاہ کا دورہ کیا۔

21

نوابشاہ

5 ستمبر 2025

خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ 450 بستروں پر مشتمل انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (IM\&CH) نوابشاہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی ایم اینڈ سی ایچ ڈاکٹر علی اکبر سیال اور اسسٹنٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرکس ڈاکٹر ثانیہ علی حیدر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹالوجی (SICHN) ڈاکٹر جمال رضا، وائس چانسلر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فار ویمن (PUMHSW) ڈاکٹر گلشن میمن، مختلف شعبہ جات کے چیئرمین، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

دورے کے دوران وفد نے بچوں کے لیے قائم ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ (HDU)، پیڈیاٹرک آئی سی یو (PICU) جس میں جدید وینٹی لیٹرز نصب ہیں، نوزائیدہ بچوں کا آئی سی یو (NICU) جو انکیوبیٹرز اور نیونٹل وینٹی لیٹرز سے آراستہ ہے، گائنی ایچ ڈی یو، آپریشن تھیٹر اور لیبر روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر زچگی اور بچوں کی صحت کی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے، بین الشعبہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بلند کرنے کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

فی الوقت انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ نوابشاہ میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض رجوع کرتے ہیں، جن میں پیڈیاٹرکس میڈیسن او پی ڈی میں 970، گائنی اینڈ آبسٹریٹکس او پی ڈی میں 440 اور پیڈیاٹرک سرجری او پی ڈی میں 25 مریض شامل ہیں۔ یہ ادارہ خواتین اور بچوں کو معیاری اور ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اسپتال کی سیلاب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور یقین دہانی کرائی کہ طبی سہولیات کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے سیلاب کی صورت میں فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قدرتی آفات کے دوران خاص طور پر خواتین اور بچوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا نہایت ضروری ہے۔

Comments are closed.