سندھ حکومت نے یومِ دفاع کے موقع پر صوبے کے 6 ڈویژنز میں 5 ستمبر کو کھیلوں کے بڑے ایونٹس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

14

کراچی3 ستمبر ۔سندھ حکومت نے یومِ دفاع کے موقع پر صوبے کے 6 ڈویژنز میں 5 ستمبر کو کھیلوں کے بڑے ایونٹس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان محکمہ کھیل سندھ کے مطابق مختلف شہداء کے ناموں سے منسوب یہ مقابلے نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیےجارہے ہیں.کراچی کے ساحل سمندر پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر فرید علی کی نگرانی میں میجر عزیز بھٹی شہید کی یاد میں بیچ ٹینس، بیچ والی بال، ٹگ آف وار اور آرم ریسلنگ اسپورٹس گالا صبح 9 بجے سے ہوگا۔ اسی روز اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیق شہید کے نام سے سندھ یوتھ کلب گلستانِ جوہر میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر اسماعیل شاہ کی زیر نگرانی بیڈمنٹن اور ٹیک بال (Tech Ball) ایونٹ منعقد ہوگا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر مریم کیریو کی نگرانی میں لیفٹیننٹ کرنل محمد اکرم راجا شہید کی یاد میں چیس، باکسنگ، آرم ریسلنگ اور ماس ریسلنگ کے مقابلے ہوں گے۔ میرپورخاص میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر واش دیو مالہی کی نگرانی میں میجر فخر عالم خان شہید کی یاد میں شوٹنگ بال، فٹبال، ٹگ آف وار، لیکروس اور باڈکیٹ بال کے کھیل کرائے جائیں گے. ترجمان محکمہ کھیل کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر آباد میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر عبدالرحیم راجپوت کی نگرانی میں نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کے نام سے ہاکی، ٹگ آف وار اور کراٹے کے مقابلے ہوں گے۔ سکھر میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر اخلاق احمد میمن کی نگرانی میں اسکواڈرن لیڈر علاؤ الدین لودھی احمد شہید کے نام سے کبڈی، ہاکی، تائیکوانڈو، ونجھ وٹی اور باسکٹ بال کے ایونٹس ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ لاڑکانہ میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر محفوظ علی مکانی کی نگرانی میں نائیک محمد محفوظ شہید کی یاد میں ہاکی، ٹگ آف وار اور چیس کے مقابلے ہوں گے۔ترجمان محکمہ کھیل سندھ کا کہنا ہے کہ یومِ دفاع کی یہ تقریبات نوجوانوں میں شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

Comments are closed.