ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ معاوضہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

15

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ معاوضہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سریاب روڈ دھماکے کے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ محمد انور کاکڑ، محکمہ سوشل ویلفیئر، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران گزشتہ شب سریاب روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے تفصیلی کوائف مرتب کیے گئے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے مقررہ معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں مالی معاونت حاصل کرسکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے واقعات میں متاثر ہونے والے شہریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو جلد از جلد معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرین کے کوائف کی جانچ میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جائے تاکہ امدادی رقوم بروقت مستحقین تک پہنچ سکیں۔

Comments are closed.