ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی

13

جعفرآباد…ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جہاں تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر افسران نے سیلابی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جاری تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مقامات پر مشینری کو عملے سمیت الرٹ رکھا گیا ہے، سول ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے لیے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ فلڈ ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت ردعمل ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے کہا کہ تمام افسران کسی بھی ممکنہ کٹھن صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، اور اگر خدانخواستہ سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2010 میں توڑی بند ٹوٹنے کے باعث جعفرآباد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تھا، لہٰذا تمام ضلعی افسران ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مشینری اور متعلقہ عملہ تمام حساس مقامات پر ہمہ وقت مستعد رہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ تمام امور کی خود کڑی نگرانی کرے تاکہ عوام میں اطمینان پیدا ہو۔ عبدالمجید بادینی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کر چکی ہے تاکہ عوام کو مشکل حالات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.