ملک آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلانے کے خطرناک نتائج نکلیں گے، پروفیسر حلیم صادق
ملک آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلانے کے خطرناک نتائج نکلیں گے، پروفیسر حلیم صادق
موجودہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی، عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے بوجھ تلے دب گئے۔
بیرونی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکمرانوں کی پالیسیوں نے معیشت کو بحران سے دوچار کر دیا۔
کوئٹہ: عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلانے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، موجودہ حکومت ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں بیرونی سرمایہ کاری تقریباً صفر ہو چکی ہے اور سرمایہ کار پاکستان آنے سے گریز کر رہے ہیں۔صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے پر مرکوز ہے جس کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں جبکہ نوجوان بے روزگاری کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو سنبھالنے کے بجائے مزید بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام حکومتی پالیسیوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔ عوام کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوام دوست پالیسیاں اختیار کرے۔مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور ملک کو بیرونی دباؤ سے نکال کر خودمختار معاشی پالیسی اپنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
