بہادر اہلکاروں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے،عبد الخالق اچکزئی
بہادر اہلکاروں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے،عبد الخالق اچکزئی
ہم ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جائے گا
ملک اور صوبے کی حفاظت پر معمور ہمارے سیکیورٹی اداروں کا ہر جوان ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے
کوئٹہ (خ ن)اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق خان اچکزئی نے حالیہ دہشت گردی کے واقعے میں بلوچستان پولیس کے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس المناک سانحے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور صوبے کی حفاظت پر معمور ہمارے سیکیورٹی اداروں کا ہر جوان ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔بلوچستان پولیس کے ان بہادر جوانوں کا ناحق قتل ایک ناقابل معافی جرم ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، لیکن حکومت کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں ہر گز نہیں آئے گی۔ ہم ایک قبائلی معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ہر مسئلے کا حل بات چیت اور روایتی جرگہ سسٹم کے ذریعے ہی نکالا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے بھی ہمیشہ مسائل کو ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کیا ہے۔ آج بھی اگر کسی کو کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہے تو اسے بات چیت کے ذریعے اس انداز میں پیش کیا جانا چاہیے کہ مسائل کا خوش اسلوبی سے حل نکل سکے، نہ کہ ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر بلیک میلنگ کی کوشش کی جائے۔اسپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت اپنی تمام تر صلاحیتوں، وسائل اور قوت کے ساتھ ہر قیمت پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔