سردار ایاز صادق کا جماعت اسلامی کے سابق ڈپٹی چیف اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جماعت اسلامی کے سابق ڈپٹی چیف اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور پروفیسر خورشید احمد کی سیاسی و سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد ایک معروف ماہر معیشت، علمی بصیرت اور تعمیری کردار کے حامل شخصیت تھے،مرحوم کی مذہبی، سیاسی و سماجی خدمات ملک و ملت کے لیے روش باب ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی فکری اور علمی رہنمائی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے،
پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ممتاز دانشوروں میں ہوتا تھا، انکی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ سپیکرایاز صادق نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔