نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں عوامی مالیاتی نظم و نسق پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
لاہور (پ ر) نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (EDI) میں جمعرات 11 تا جمعہ 12 ستمبر 2025 “عوامی مالیاتی انتظام و انصرام کی تربیتی ورکشاپ” کی ساتویں سیریز (PFM-VII) منعقد ہوئی۔ اس دو روزہ تربیتی پروگرام کا مقصد شرکاء میں عوامی مالیاتی نظم و نسق کے اسٹریٹجک پہلوؤں، اصلاحی راستوں اور جدید تقاضوں سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ورکشاپ میں بجٹ، اکاؤنٹنگ، آڈیٹنگ اور مالی خواندگی کی بنیادی مہارتوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی وفاقیت، مساوی بین الحکومتی مالیات، ٹیکس کی تعمیل اور شفافیت جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر مالیاتی ترقی اور گورننس میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر بھی خصوصی سیشنز رکھے گئے۔
ملک بھر سے 41 شرکاء نے اس تربیتی پروگرام میں شرکت کی، جن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سول افسران کے علاوہ نجی شعبے کے نمائندگان بھی شامل تھے۔ نمایاں اداروں میں سینیٹ سیکریٹریٹ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان ایئر فورس، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ، پی ٹی اے، پیمرا، پی پی آر اے، ایچ ای سی، آئی بی سی سی، پاکستان منٹ، پنجمین، محکمہ خزانہ بلوچستان، ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس، نیسکام، او جی ڈی سی ایل، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور دیگر ادارے شامل تھے۔
افتتاحی سیشن میں ڈین EDI ڈاکٹر نوید الٰہی نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ PFM-7 ملکی مالیاتی نظام میں شفافیت اور موثر حکمرانی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈائریکٹر EDI جناب کامران احمد نے ادارے کی کارکردگی اور اہداف پر جامع روشنی ڈالی اور بتایا کہ پروگرام کی تیاری میں ماہرین تعلیم اور پریکٹیشنرز کو شامل کیا جاتا ہے تاکہ ہر پہلو کا احاطہ کیا جا سکے۔
پہلے روز مہمان مقررین میں ڈاکٹر عشرت حسین (سابق مشیر وزیراعظم و گورنر اسٹیٹ بینک)، جناب سبطین فضل حلیم (سابق ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی) اور ڈاکٹر ارشد حسن (ایسوسی ایٹ پروفیسر/سی ایف او لاہور اسکول آف اکنامکس) شامل تھے۔ انہوں نے پبلک فنانشل مینجمنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ٹیکس اصلاحات پر لیکچرز دیے۔
دوسرے روز جناب طارق باجوہ (سابق SAPM برائے فنانس و سابق گورنر اسٹیٹ بینک) نے آن لائن لیکچر دیا، جب کہ ڈاکٹر وقار مسعود خان (سابق وفاقی سیکرٹری خزانہ)، محترمہ نماء گل رخ فرید (اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب)، جناب فیصل رشید (سینئر کنسلٹنٹ آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ) اور ڈاکٹر رضوان بشارت (کلکٹر کسٹمز) نے بجٹ مینجمنٹ، مالیاتی رپورٹنگ، شفافیت اور ترقی میں AI کے کردار پر سیشنز سے خطاب کیا۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے سوال و جواب کے سیشنز میں بھرپور دلچسپی لی اور EDI، NSPP کے غیر معمولی انتظامات کو سراہا۔ اختتامی تقریب میں ریکٹر NSPP ڈاکٹر جمیل آفاقی نے ڈین EDI کے ہمراہ شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور اپنے الوداعی کلمات میں ورکشاپ کو پاکستان کے مالیاتی نظم و نسق کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔
Comments are closed.