یوفون 4G، اولاڈاک سے اشتراک کے ذریعے لاکھوں صارفین کو سستی اور قابلِ رسائی صحت سہولیات فراہم کرے گا
کراچی – 09 ستمبر 2025: اپنے صارفین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کے تحت پاکستانی ٹیلی کام کمپنی، یوفون4G نے ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم، اولاڈاک (oladoc) کے ساتھ اشتراک قائم کر لیا ہے، تاکہ ادارے کی وسیع سروسز کے ذریعے ملک بھر میں لاکھوں یوفون 4G صارفین کو سَستی، معیاری، اور قابلِ رسائی صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پاکستان کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں شدید عدم توازن کا سامنا ہے، کیونکہ زیادہ تر ڈاکٹر بڑے شہروں میں مقیم ہیں، جبکہ ملک کی 62 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے۔ دُور دراز علاقوں میں قائم بنیادی صحت کے مراکز میں اکثر وسائل کی کمی رہتی ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو معمولی طبی ضروریات کے لیے بھی طویل سفر کرکے شہر جانا پڑتا ہے۔ یوفون 4G کی ملک گیر رسائی اور اولاڈاک کے 25 ہزار سے زائد ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے وسیع نیٹ ورک کے یکجا ہونے سے یہ خلا پُر کرنے میں مدد ملے گی، تاکہ پسماندہ افراد اپنے ہی علاقوں میں بروقت مشاورت، احتیاطی تدابیر اور بنیادی طبی خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔
نائب صدر مارکیٹنگ، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، عطاء الرحمٰن اورسی ای او، اولاڈاک، عابد زبیری نے باہمی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس شراکت داری کے تحت یوفون 4G کے صارفین متعدد طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے، جن میں پاکستان کے بہترین ڈاکٹروں کے ساتھ مفت ویڈیو کنسلٹیشن، کلینک میں مشورے پر 20 فیصد تک رعایت، لیب ٹیسٹ پر 40 فیصد تک رعایت، جس میں گھروں سے نمونے اکٹھے کرنے اور لیبارٹری وزٹ دونوں شامل ہیں، میڈیسن ڈیلیوری پر 10 فیصد تک رعایت اور سرجری بُکنگ پر 30 فیصد تک رعایت شامل ہیں۔ یہ تمام خدمات اولاڈاک ایپ کے ذریعے دستیاب ہیں، جو صارفین کو سہولت، اعتماد اور معقول لاگت کے ساتھ صحت کی خدمات تک رسائی دیتی ہے۔
علاوہ ازیں، اولاڈاک صارفین کو معروف طبی ماہرین کے ساتھ آن لائن اور براہِ راست مشورے کا وقت لینے، لیب ٹیسٹ بُک کرنے، میڈیسن ڈیلیوری، سرجری شیڈولنگ اور کارپوریٹ صحت پروگرامز کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ سبسکرپشن پلان صرف یوفون پری پیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس میں تین آسان آپشنز، بشمول روزانہ صرف 5 روپے مع ٹیکس، ہفتہ وار 25 روپے مع ٹیکس، اور ماہانہ 60 روپے مع ٹیکس فراہم کی گئی ہیں۔ صارفین اس لنک https://oladoc.app/ufone کے ذریعے پلان حاصل کر کے اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر خدمات تک ہر وقت اور ہر جگہ بلا تعطل رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
یوفون 4G اور اولاڈاک کا باہمی تعاون پاکستان میں ڈیجیٹل شمولیت اور صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے جدت اور صارفین کی سہولت پر مبنی خدمات کے فروغ کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے دونوں اداروں کے عزم کو تقویت ملے گی۔
Comments are closed.