وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر کی ملاقات
:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد کے سربراہ و امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر نے ملاقات کی۔ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایریک میئر نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے ذریعے امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، اس ضمن میں امریکی وفد کا دورہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ایریک میئر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے تحت فراہم کردہ مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد سمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کار کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جون میں اسلام آباد میں مشترکہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم ثابت ہو گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایریک مئیر کو انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی جنگ نہیں، اس سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو بھی امریکہ کی طرح غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل کا سامنا ہے۔ ایریک مئیر نے مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ ایریک مئیر کی سربراہی میں امریکی وفد “پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کر رہا ہے۔