کراچی میں بارشوں کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے سندھ کے 16 ڈی واٹرنگ پمپس نصب
کراچی 8 ستمبر :صوبائی وزیرِ بحالیات مخدوم محبوب الزمان کی ہدایات پر پرونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے سندھ) نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی شہر بھر میں معمول کے مطابق ہے اور نکاسی کے لئے بھاری مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس تعینات کر دیے گئے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں 16 بڑے ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے گئے ہیں تاکہ بارش کے بعد پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان مشینوں کو شہر کے اہم مقامات پر نصب کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک اور عوامی آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سید محمد شیعن شاہ نے مختلف مقامات کا دورہ کیا، جن میں نیٹی جیٹی برج اور گل بائی کے علاقے شامل ہیں، جہاں بھاری ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو ہدایت دی کہ مشینری کو مکمل فعال رکھا جائے اور بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی وزیرِ بحالیات کی ہدایات کے تحت بارشوں کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے اور مانیٹرنگ سیل کے ذریعے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
Comments are closed.