وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام

15

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے میڈیا کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ہمارا اذلی دشمن بھارت ہمیشہ سے پاکستان کیخلاف سازشیں کررہا ہے۔ 6ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر اپنی جارحیت کا مظاہرہ کیاجس کے جواب میں پوری پاکستانی عوام نے ایک قوم بن کر اپنے افواج پاکستان کا ساتھ دیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ 6ستمبر پاکستان کے بہادر افواج کی لازول قربانیوں اور عظیم کامیابی کا دن ہے۔ ہمیں اس دن کی مناسبت سے اس بات کی تجدید کرنی ہے کہ جب بھی ہمارے ملک پر کوئی مشکل وقت آئے گا اس کی سالمیت کیلئے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بھارت نے جب بھی پاکستان کیخلاف اپنے ناپاک عزائم کا مظاہرہ کیا ہمارے بہادر افواج نے جرأت کیساتھ دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا ہے۔ 6 ستمبر 1965ء ہو یا 6مئی 2025ء کو بھارت کی جانب سے مسلک کردہ جنگ ہو ہماری افواج نے دشمن کو ایسا جواب دیا جو دنیا بھر میں بھارت کی رسوائی کاسبب بنا۔ ہمارے شیروں اور شاہینوں کی عسکری مہارت، بہادری اور جذبہ ایمانی نے ہمیشہ دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط اور دشمن کیخلاف جنگ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اپنے بہادر شہداء کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ملک کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کیلئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنا کردار ادا کریں اور اپنے فرائض منصبی ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ اپنے ذاتی مفادات اور ہر قسم کی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ہمیں ملک اور علاقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے بارے میں سوچنا ہوگا تاکہ ہمارے آنے والے نسلوں کو ایک خوشحال پاکستان مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ ہمارا اذلی دشمن بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت نہیں کرسکے گا۔ ہمیں اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پہلے سے زیادہ اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.