سی ٹی ڈی چیف شوکت عباس کا بنوں ایف سی لائنز اور جائے وقوعہ کا دورہ، شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین

17

پشاور (رپورٹ: ایم-الیاس ملاخیل) – ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا شوکت عباس نے بنوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری لائنز، دہشت گردی سے متاثرہ عمارت اور جائے وقوعہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد اور ایف سی کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

شوکت عباس نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو ان کی جرات و بہادری پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اپنے پیغام میں سی ٹی ڈی چیف نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہی شہداء کی بدولت آج ملک میں امن قائم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شوکت عباس نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور پوری قوم کے تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور سیکیورٹی ادارے ایک پیج پر ہیں اور مشترکہ کاوشوں سے امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی جدید تقاضوں کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے اور عوام کو پرامن فضا فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.