کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ سے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر حامد جعفری، پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے پولیو کے خاتمے کے پروگرام

15

کوئٹہ4ستمبر کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ سے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر حامد جعفری، پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے ڈپٹی ٹیم لیڈ ڈاکٹر محمد صغیر اور صوبائی ٹیم لیڈر ڈاکٹر جہانزیب خان کاکڑ کے ہمراہ ملاقات کی۔اس دوران کوئٹہ بلاک میں پولیو کی صورتحال ،اس کے خاتمے کے لیے جاری سرگرمیوں، انسداد پولیو مہم کی حکمت عملی اور افغان شہریوں
کی وطن واپسی کے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کوئٹہ بلاک میں پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور پولیو کے خاتمے کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس مہم کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ بلاک پولیو کے حوالے سے انتہائی حساس علاقہ ہے اس سلسلے میں انتظامیہ کا کردار اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کے دوران متحرک رکھتی ہے تاکہ کوئی بھی ایک بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔پولیو مہم کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے ٹیموں کی نگرانی ،ان کی کارکردگی اور معاشرے کی شمولیت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے تاکہ مہم کے دوران کوئی مشکل درپیش نہ آئے۔انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں جہاں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے وہاں علاقے کے معتبرین اور علماءکرام سے مدد لی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیو کے حوالے سے انٹرنیشنل ایمرجنسی نافذ ہے لہذا ہمیں اپنے میکرو پلان کو مزید موثر بنانا ہے اس حوالے سے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری بلوچستان صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ دیگر اداروں کے ساتھ ملکر پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہی وقت ہے کہ ہم اپنے صوبے کو پولیو سے پاک کریں۔ملاقات میں ڈاکٹر حامد جعفری نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انسداد پولیو اقدامات میں فراہم کردہ بہترین تعاون پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف جلد حاصل کیا جا سکے گا۔

Comments are closed.