صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے صوبائی سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر کے ہمراہ ایریگیشن سرکل آفس نصیرآباد کا دورہ کیا
نصیرآباد۔۔۔صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے صوبائی سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر کے ہمراہ ایریگیشن سرکل آفس نصیرآباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے کینالز کی بھل صفائی، تعمیر و مرمت اور زرعی پانی کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ، چیف انجینیئر کینالز ناصر مجید، پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی، ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر عتیق الرحمان، سب ڈویژنل آفیسران امان اللہ گاجانی، رسول بخش پندرانی، اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظہیر احمد عمرانی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق مرانی نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے مورال کو بلند رکھنے کے لیے افسران کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن کے گرین بیلٹ کو مزید زرخیز بنانے کے لیے محکمہ بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرنے والوں کی روک تھام کی جائے، واٹر کورسز کو مسمار کیا جائے اور ہائی کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ریونیو کے ساتھ مل کر سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ حکومت کے واجب الادا بقایاجات کو وصول کیا جا سکے۔
Comments are closed.