ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے جاری پولیو مہم کے تیسرے روز فیلڈ کا دورہ کیا

13

ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے جاری پولیو مہم کے تیسرے روز فیلڈ کا دورہ کیا اور سبی کے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر احسان اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے گھروں کا دورہ کرکے والدین سے براہ راست تصدیق کی اور بچوں کے ہاتھوں پر لگے نشانات چیک کیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں، اسکے علاوہ وہ لونی روڈ پر قائم پولیو ٹیم کے سپورٹ سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے سے تفصیلات حاصل کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سبی اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر احسان اللہ ریلوے اسٹیشن بھی گئے، جہاں انہوں نے آنے والی ٹرین پر موجود بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سختی سے ہدایت جاری کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، والدین اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر ہر بچے کو لازمی قطرے پلائیں اور درست و شفاف ریکارڈ یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ مس نہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہ والدین افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ پولیو کے قطرے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کی ضمانت ہیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر آفس سبی میں پولیو مہم کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے کی، اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالقادر ہارون ، WHO کے نمائندے ڈاکٹر احسان اللہ ، ڈاکٹر نصیر کرد سمیت پولیو ٹیموں کے مانیٹرز اور تمام یونین کونسلز کے یو سی ایم اوز نے شرکت کی یو سی ایم اوز نے اپنی اپنی یونین کونسلز میں پولیو مہم کے دوران کور کیے گئے، ریکارڈڈ اور مسڈ بچوں کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔

Comments are closed.