شہید سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی بچپن، جوانی، بڑھاپا مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے جدو جہد میں گزارا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری
آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عظیم حریت لیڈر شہید سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی بچپن، جوانی، بڑھاپا مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے جدو جہد میں گزارا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ عظیم حریت رہنماء سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر کی توانا آواز تھے انہوں نے اپنی زندگی کے آخری بارہ سال بدترین علالت کی حالت میں سفاک دشمن بھارت کی اسیری میں گزارے مگر ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آئی۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ایسے وقت میں جب انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت تھی بھارت کی سفاک فوج نے انہیں زبردستی نظر بند کئے رکھا مگر وہ سید علی گیلانی کی پاکستان اور تحریک آزادی کشمیرکے ساتھ نظریاتی وابستگی کو کم نہ کر سکے اور سید علی گیلانی الحاق پاکستان کے اصل داعی تھے۔ سید علی گیلانی استقامت کا کوہ گراں تھے ان کی پوری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے آخر دم تک وہ بھارت سے آزادی کے مشن پر کاربند رہے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سید علی گیلانی کے تحریک آزادی کشمیر کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ قبضے سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.