بلوچستان میں منی ہائیسٹ کیس حل، فلمیں دیکھ کر امیر بننے کے چکر میں طالب علم ڈاکو بن گئے
بلوچستان میں منی ہائیسٹ کیس کو پولیس نے ڈیڑھ سال بعد حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
حب میں 200 کروڑ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی میں اہم پیشرفت ہوئی ہے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث پانچ میں سے تین ملزمان زوہیب، مرتضیٰ اور بلال کو گرفتار کیا ہے جبکہ زوہیب خود کو منی ہائیسٹ کا پروفیسر سمجھتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار تینوں افراد کا تعلق ضلع قلات سے ہے، ڈکیتی کی رقم سے خریدی گئی 2 گاڑیاں، موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ڈکیتی کی رقم سے خریدے گئے موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں، 2 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم زوہیب اور غلام مرتضیٰ یونیورسٹی کے چوتھے سمسٹر کے طالب علم تھے، ملزم بلال اکرم 2025 میں یونیورسٹی سے پاس آؤٹ ہوا تھا۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او یار محمد زخمی ہوئے تھے، تینوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
