آزاد جموں و کشمیر میں سیلابی نقصانات کے جائزے کے لیے وزیرِاعظم کی کمیٹی کا اجلاس، ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت

15

خصوصی رپورٹ
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت وزیرِاعظم کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر (AJK) میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات اور ان کے ازالے کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

کمیٹی کو آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ابتدائی تخمینے اور مرمتی اخراجات کی متوقع لاگت سے آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے درست تعین کے لیے ایک جامع قومی سطح کا سروے اور آڈٹ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے تجویز دی کہ نقصانات کے تخمینے کے لیے تثلیثی طریقۂ کار (Triangulated Assessment) اپنایا جائے، جس میں حکومت آزاد کشمیر، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA AJK) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) مشترکہ طور پر شامل ہوں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی لاگت کے مطابق انفراسٹرکچر کی مرمت اور بحالی کے لیے تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ زیادہ درست اعداد و شمار یقینی بن سکیں۔

کمیٹی نے اتفاق کیا کہ یہ مربوط حکمتِ عملی شفافیت، مؤثر فیصلہ سازی اور وسائل کے درست تعین میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیرِاعظم کی کمیٹی آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی، جس میں حتمی رپورٹ اور سفارشات مرتب کر کے وزیرِاعظم کو پیش کی جائیں گی تاکہ متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.