بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ملک ٹیسٹنگ مہم؛ پہلے روز 5 دکانیں سیل، ملاوٹی دودھ و دہی کی بڑی مقدار تلف
خصوصی رپورٹ
کوئٹہ، 11 ستمبر: صوبائی سیکرٹری خوراک منظر جاوید علی کی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ میں ملاوٹی دودھ کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جو 10 ستمبر سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کا مقصد عوام کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
مہم کے پہلے روز انسپیکشن ٹیموں نے سریاب، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد، فقیر محمد روڈ، جان محمد روڈ اور کواری روڈ پر ڈیری فارمز اور ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ مجموعی طور پر 44 مراکز کا معائنہ اور 8,180 لیٹر دودھ کے سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے۔ پانچ دکانوں کو ملاوٹ ثابت ہونے پر سربمہر کر دیا گیا جبکہ نو مراکز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران 200 لیٹر ملاوٹی دودھ، 200 کلو غیر معیاری دہی اور خشک دودھ پاؤڈر کی بھاری مقدار موقع پر تلف کر دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوامی صحت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک دودھ یا دودھ فروشوں کی اطلاع فوراً فوڈ اتھارٹی کو دیں۔
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کے لیے مفت دودھ ٹیسٹنگ سروس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ وہ گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کے معیار کی تسلی کر سکیں۔
Comments are closed.