کراچی اور کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریسکیو و ریلیف آپریشنز، حکومت سندھ مکمل طور پر متحرک ہے: شرجیل انعام میمن
(عسکر انٹرنیشنل رپورٹ) کراچی ستمبر.10
سینئر وزیر سندھ و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں جن میں حکومت سندھ، پاک فوج، پاک بحریہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، سندھ پولیس اور دیگر ادارے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے نشیبی علاقے بارشوں کے باعث زیرِ آب آ گئے جس پر ضلعی انتظامیہ کی 16 ٹیمیں فوری طور پر روانہ کی گئیں جبکہ فوج، ریسکیو 1122 اور پولیس نے مشترکہ امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔ گذشتہ رات لتھ ڈیم کے پانی سے ایم نائن موٹروے پر کئی گاڑیاں پھنس گئیں جن میں سے 172 افراد اور 23 گاڑیوں کو بحفاظت نکالا گیا۔
لیاری ندی کے اوور فلو سے مچھر کالونی میں 55 مکانات زیرِ آب آ گئے جہاں 250 افراد کو مقامی مساجد و مدارس میں منتقل کیا گیا۔ دیگر مقامات جیسے کورنگی نالہ، سعدی ٹاؤن، نشتر بستی، عیسیٰ نگری، لاسی گوٹھ اور سائما سوسائٹی سے بھی درجنوں افراد کو نکالا گیا۔ پاک بحریہ نے بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کی 16 ٹیمیں 380 اہلکاروں کے ساتھ پوری رات سرگرم رہیں اور 400 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، صرف ایک شہری حادثے میں جاں بحق ہوا۔
دریں اثنا، دریائی کچے کے علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے باعث انخلا جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 881 افراد کو منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 46 ہزار 492 افراد محفوظ مقامات پر پہنچائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے 163 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سینٹرز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 296 افراد کو طبی امداد دی، جس سے اب تک مجموعی تعداد 55 ہزار 336 تک پہنچ گئی ہے۔ مزید برآں، 11 ہزار 78 مویشیوں کو بھی ایک دن میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس سے اب تک 4 لاکھ مویشی نکالے جا چکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 58 ہزار 166 مویشیوں کو ویکسینیشن اور علاج فراہم کیا گیا، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 10 لاکھ 32 ہزار 991 مویشیوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر حکومت سندھ شہریوں کی بحالی، ریسکیو آپریشنز اور سیلابی خطرات سے مستقل نجات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
Comments are closed.