چیف سیکرٹری کا سیلاب سے متاثرہ جلالپور پیروالا،لیاقت پور میں جاری ریسکیو،ریلیف آپریشن تیز کرنے کا حکم

21

لاہور08 ستمبر:-چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ جلالپور پیروالا اور لیاقت پور میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں صوبہ میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ڈی جی پی ڈی ایم اے، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویڑن کے کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ جلالپور پیروالا اور لیاقت پور کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیلئے مزید کشتیاں بھجوائی جائیں، قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں سے آبادی کا بروقت انخلائ یقینی بنایا جائے اور ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کشتیوں کیساتھ بیڑوں کو بھی استعمال میں لایا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے انتظامی اور پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ممکنہ طور پر متاثر ہونیوالے اضلاع میں کشتیاں، لائف جیکٹس اور ضروری امدادی سامان پہلے ہی منتقل کر دیا جائے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنےافسران کو ہدایت کی کہ پولیس امدادی کارروائیوں میں انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کرے اور اٹک اور میانوالی سے محکمہ پولیس کی کشتیاں جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی جائیں۔ملتان اور بہاولپور کے ڈویڑنل کمشنرز نے اجلاس کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

Comments are closed.